latest newsPakistan

ڈی ایس ریلوے لاہور کی کھلی کچہری، متعدد شکایات کا موقع پر ازالہ

لاہور(عمران اسلم) ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ کی زیرِ صدارت کھلی و ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام اور ریلوے ملازمین نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ متعلقہ افسران نے کچہری میں بھرپور شرکت کی، جبکہ متعدد شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے گئے۔

کھلی کچہری میں ٹرانسفر و پوسٹنگ، ٹی ایل اے ملازمین کی تنخواہوں اور واجبات، ریلوے کوارٹرز کی بجلی کی وائرنگ، سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پر پنکھوں اور صاف پینے کے پانی کی سہولیات سمیت مختلف مسائل زیرِ بحث آئے۔

ایک ریلوے ملازم کی رکی ہوئی تنخواہ فوری جاری کرنے کے احکامات دیے گئے، جبکہ ریلوے کوارٹر میں بجلی کی وائرنگ کی درستگی سے متعلق شکایت پر بھی نوٹس لیا گیا۔

سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے مزید پنکھوں کی فراہمی اور صاف پینے کے پانی کے انتظامات بہتر بنانے کے مطالبات بھی سامنے آئے۔ سیالکوٹ ریلوے کالونی کے خراب ٹیوب ویل کی مرمت کے لیے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے کہا کہ سرکاری امور قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔ محدود وسائل میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ عوام اور ریلوے ملازمین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن عوام اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button