بلاول بھٹو کا بچیوں کو بااختیار بنانے، تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور
بچیوں کو بوجھ نہیں بلکہ امید اور روشن مستقبل کی علامت سمجھنا چاہیے۔

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لڑکیوں میں بے پناہ صلاحیتیں، حوصلہ اور خواب موجود ہیں، انہیں بااختیار بنانا ایک مضبوط، خوشحال اور مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔
لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریاست، خاندانوں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کو مل کر بچیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ بچیوں کو بوجھ نہیں بلکہ امید اور روشن مستقبل کی علامت سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی تاریخی سیاسی جدوجہد خواتین کی صلاحیتوں اور عزم کی روشن مثال ہے۔ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگیاں بدل سکتی ہیں بلکہ قوموں کی تاریخ کا رخ بھی تبدیل کرسکتی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا جمہوری اور مساوات پر مبنی وژن آج بھی پارٹی کی رہنمائی کرتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ معاشرے کے محروم طبقات کی مدد اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے سماجی تحفظ اور تعلیم کے شعبوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، وسیلۂ تعلیم اور تعلیمی وظائف کو مستحق خاندانوں کی معاونت اور بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے اہم اقدامات قرار دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی اسی عزم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غربت کسی بھی بچی کے مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ ان کا وژن ایسا پاکستان ہے جہاں ہر بچی کو تعلیم، صحت کی سہولیات اور تحفظ تک رسائی حاصل ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ بچیوں کو تشدد اور استحصال سے پاک ماحول فراہم کرنے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع بھی دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم اور ترقی میں سرمایہ کاری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔



