latest newsShowbiz

جم کیری نے دیرینہ گرل فرینڈ من آہ سے شادی کرلی

ویب ڈیسک: کینیڈین نژاد امریکی اداکار اور کامیڈین جیمز یوجین کیری، المعروف جم کیری نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ من آہ سے شادی کرلی۔ 64 سالہ اداکار کے نمائندے نے گزشتہ روز ان کی شادی کی تصدیق کردی۔

جم کیری اور من آہ نے اپنے تعلق کو زیادہ تر میڈیا کی توجہ سے دور رکھا، جس کے باعث دونوں کو عوامی مقامات پر ایک ساتھ کم ہی دیکھا گیا۔ ان کی شادی فرانس میں منعقد ہونے والے سیزر ایوارڈز میں ایک ساتھ نظر آنے کے تقریباً سات ماہ بعد ہوئی ہے۔

سیزر ایوارڈز کی تقریب میں جم کیری نے اپنی بیٹی جین، نواسے جیکسن اور من آہ کا ذکر کرتے ہوئے خاندان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ اس موقع پر ان کے خاندان کے افراد کو حاضرین کی جانب سے بھرپور داد بھی ملی۔

رپورٹس کے مطابق جم کیری اور من آہ گزشتہ چند برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ فروری 2022 میں دونوں کی تصاویر سامنے آئی تھیں، جن میں انہیں لاس اینجلس میں منعقدہ ایک فلاحی کامیڈی شو سے ایک ساتھ باہر نکلتے دیکھا گیا تھا۔

جم کیری نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں عموماً کم ہی گفتگو کی ہے۔ اپریل 2022 میں فلم ’سونک دی ہیج ہاگ 2‘ کی تشہیر کے دوران انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے اور نسبتاً پرسکون زندگی گزارنے کے امکان پر بھی بات کی تھی۔

من آہ سے قبل جم کیری اداکارہ گنگر گونزاگا کے ساتھ تعلق میں تھے۔ اس سے پہلے انہوں نے اداکارہ لارین ہولی سے 1996 میں شادی کی تھی، تاہم دونوں کی شادی ایک سال بعد ختم ہوگئی۔

جم کیری کی پہلی شادی میلیسا وومر سے ہوئی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی جین ہے۔ دونوں کی ازدواجی زندگی 1987 سے 1995 تک قائم رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button