latest newsPolitics

پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ برقرار، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد(ہم شہری) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق احتجاج کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔

شیخ وقاص اکرم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے لہجے کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومتی وزرا کا کام اپوزیشن کو دھمکیاں دینا ہے کہ گولیاں چلائی جائیں گی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے 27 ستمبر کے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے خلاف درخواست پر 37 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ایسی سرگرمی جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں، آئین کی خلاف ورزی تصور ہوگی۔ فیصلے کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کو شاہراہیں اور راستے بند کرنے کا قانونی حق حاصل نہیں۔

عدالت نے صوبائی حکومتوں کو اسلام آباد مارچ کے لیے سرکاری وسائل اور فنڈز استعمال نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں اور مشینری کو لانگ مارچ کی سہولت کے لیے استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ غیر قانونی احکامات کی صورت میں سرکاری ملازمین کے لیے فوری ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مزید قرار دیا کہ عوامی عہدہ رکھنے والا شخص آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرے تو وہ اپنے حلف سے انحراف کا مرتکب ہوگا، جبکہ کسی سرکاری عہدیدار کی وجہ سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہونے کی صورت میں اسے بھی حلف کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button