وزرائے اعلیٰ 18ویں ترمیم کا غلط استعمال کر رہے ہیں: وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ

کراچی: وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزرائے اعلیٰ 18ویں ترمیم کا غلط استعمال کر رہے ہیں، پنجاب میں بھی وہی کچھ ہورہا ہے جو سندھ میں ہورہا ہے۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، تاہم ملکی سیاست میں اس شہر کو وہ مقام حاصل نہیں جو ہونا چاہیے۔ کراچی کو سیاسی مقام ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے برآمدات میں اضافے کے ذریعے ترقی کی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہترین سفارت کاری کر رہے ہیں، اب نجی شعبے کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی برآمدات بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
وفاقی وزیر کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ ضوابط میں کمی کے لیے کام کر رہا ہے۔ اگر سیاسی جماعتیں آپس میں لڑتی رہیں گی تو حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کے پاس بیوروکریٹس کا ایک گروپ موجود ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے اپنی بات سننے کا کہہ رہے ہیں، تاہم وزیراعظم بہت مصروف ہیں۔ امید ہے کہ ان سے جلد ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا غلط استعمال ہورہا ہے اور وزرائے اعلیٰ اس سے غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کے بقول سندھ اور پنجاب میں بھی اسی نوعیت کے معاملات سامنے آرہے ہیں۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی بلند قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والی مہنگائی سے عوام پریشان ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں 11 سے 12 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔



