latest newsPakistan

خیبر پختونخوا میں بڑھتی دہشت گردی کی وجہ ناکام خارجہ پالیسی ہے: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

کوہاٹ: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں بڑھتی دہشت گردی کی ایک وجہ ناکام خارجہ پالیسی ہے، بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرنے کی پالیسی مؤثر ثابت نہیں ہورہی۔

وزیراعلیٰ نے کوہاٹ کا دورہ کیا اور اسپتال میں پولیس لائنز دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے شہدا کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے 2004 سے اب تک دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور صوبے میں دہشت گردی کے باعث 80 ہزار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت کے دوران خیبر پختونخوا میں امن دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے معاشی حالات خراب ہوچکے ہیں، جبکہ صوبے میں دہشت گردی بڑھتی جارہی ہے۔ ان کے بقول دہشت گردی میں اضافے کی ایک وجہ ناکام خارجہ پالیسی ہے، موجودہ پالیسی دیرپا امن کے لیے مؤثر ثابت نہیں ہورہی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی جماعت کی پالیسی صرف پی ٹی آئی کے فائدے کے لیے نہیں بلکہ خیبر پختونخوا اور ملک کے مفاد میں ہے۔ ان کے مطابق اگر اس پالیسی پر عمل کیا جائے تو 100 دن میں امن قائم کیا جاسکتا ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ ان کی پالیسی پر عمل کون کرے گا۔

سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ کچھ عناصر پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور وفاقی ادارے بھی پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور پولیس کو اپنے لیے خود کھڑا ہونا ہوگا، وہ اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی مسجد کے قریب خودکش دھماکے میں 16 پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید ہوئے تھے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button