eventslatest news

پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن میں محفلِ میلاد، افسران و ملازمین کی بھرپور شرکت

لاہور(عمران اسلم) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کی زیرِ صدارت عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے روح پرور محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ حمدان نزیر سمیت ریلوے افسران اور ملازمین نے عقیدت و احترام سے شرکت کی۔

محفل کا آغاز قاری محمد عمر کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ انہوں نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ بھی پیش کی۔ تقریب میں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، حسنِ اخلاق، تعلیمات اور انسانیت کے لیے آپ ﷺ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

علامہ عثمان حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ محسنِ انسانیت، رحمت للعالمین، امام الانبیاء اور خاتم النبیین ہیں۔ آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کی اتباع کو کامیابی کا راستہ قرار دیا ہے، اس لیے ہمیں اپنی عملی زندگی میں سیرتِ رسول ﷺ کو اپنانا چاہیے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذاتِ مبارکہ ہمارے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کے مخالفین بھی آپ ﷺ کو صادق اور امین کے القابات سے یاد کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات ہماری عملی زندگی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

انعام اللہ نے کہا کہ قرآنِ مجید میں بھی نبی کریم ﷺ کی عظمت و فضیلت بیان کی گئی ہے، ہمیں چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔

محفل کے اختتام پر ملک و قوم، پاکستان ریلوے اور پوری انسانیت کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرہ، ڈویژنل پرسنل آفیسر محمد رضا حسین، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک، ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد عمران، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرز غلام مرتضیٰ، رانا جواد، ناصر حنیف، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر جہانزیب احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ واصف اکرام سمیت دیگر افسران و ملازمین نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button