latest newsShowbiz

اجے دیوگن کا ککو کوہلی کو خراج عقیدت، ’انہوں نے میری زندگی ہمیشہ کے لیے بدل دی‘

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار اجے دیوگن نے معروف فلمساز و ہدایتکار ککو کوہلی کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ککو کوہلی ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے ان کی زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔

ککو کوہلی منگل کو 77 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔ انہوں نے 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پھول اور کانٹے‘ کے ذریعے اجے دیوگن کو بالی ووڈ میں متعارف کرایا تھا، جو اداکار کے فلمی کیریئر کی پہلی فلم بھی تھی۔

اجے دیوگن نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ککو کوہلی کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ لوگ زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے بدل دیتے ہیں اور ککو جی بھی ان ہی لوگوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے کہا کہ خود پر اعتماد کرنے کے لیے وہ ہمیشہ ککو کوہلی کے شکر گزار رہیں گے اور ان کی کمی بہت محسوس ہوگی۔

فلم ’پھول اور کانٹے‘ باکس آفس پر کامیاب رہی اور اس نے اجے دیوگن کو ایکشن ہیرو کے طور پر شناخت دلائی۔ اسی فلم سے ان کے تین دہائیوں پر محیط فلمی سفر کی بنیاد پڑی۔ اجے دیوگن کو فلم میں بہترین ڈیبیو پر 1991 کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

فلم میں مدھو، ارونا ایرانی، جگدیپ اور امریش پوری نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ اجے دیوگن نے بعد ازاں 1994 میں ککو کوہلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’سہاگ‘ میں بھی کام کیا۔

ککو کوہلی کی بطور ہدایتکار آخری فلم ’وہ تیرا نام تھا‘ تھی، جو 2004 میں ریلیز ہوئی۔

ککو کوہلی کو طبیعت خراب ہونے پر 24 اگست کو ممبئی کے کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں شدید دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ان کے پسماندگان میں اہلیہ اداکارہ ارونا ایرانی، پہلی اہلیہ ریتا کوہلی اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

ککو کوہلی کی آخری رسومات بدھ کو ممبئی میں ادا کی گئیں، جن میں بالی ووڈ کی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں روہت شیٹی، کترینہ کیف، وکی کوشل، شام کوشل اور اشوک پنڈت بھی شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button