
ببرک شاہ کا انکشاف، موجودہ اہلیہ میری تیسری بیوی ہیں
کراچی: پاکستانی فلم اداکار ببرک شاہ نے ریئلٹی شو ’تماشا سیزن 5‘ میں اپنی نجی زندگی کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی موجودہ اہلیہ ان کی تیسری بیوی ہیں۔
ببرک شاہ نے بتایا کہ اس سے قبل وہ دو مرتبہ محبت کی شادیاں کرچکے ہیں، تاہم دونوں شادیاں کامیاب نہ ہوسکیں اور طلاق پر ختم ہوگئیں۔
اداکار کے مطابق ان کی موجودہ اہلیہ سے ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ ان کی مداح تھیں۔ ببرک شاہ نے بتایا کہ یہ شادی روایتی معنوں میں محبت کی شادی نہیں تھی، تاہم وہ انہیں پسند کرنے لگے اور صرف 14 روز کے اندر ان سے شادی کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ اہلیہ سے ان کے چار بچے ہیں، جن میں سے تین حیات ہیں، جبکہ ایک بیٹے کو حادثاتی طور پر ڈوبنے کے باعث کھو دیا تھا۔
ببرک شاہ نے اپنی ازدواجی زندگی کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات انسان کسی شخص کو برسوں جاننے کے بعد شادی کرتا ہے لیکن ایک سال کے اندر رشتہ ختم ہوجاتا ہے، جبکہ کبھی صرف 14 دن میں ہونے والی شادی بھی طویل عرصے تک قائم رہتی ہے۔
واضح رہے کہ ببرک شاہ ماضی میں متعدد اداکاراؤں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے خبروں میں رہے ہیں۔ ان کا نام اداکارہ وینا ملک کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا، جبکہ وہ بھارت میں بھی کام کرچکے ہیں اور ماضی میں ایک بھارتی اداکارہ سے شادی کے قریب پہنچنے کا انکشاف بھی کرچکے ہیں۔



