
پاکستان آئیڈل حرا قیصر کو کتنی انعامی رقم ملی؟
فیصل آباد(نعیم گیلانی) پاکستان آئیڈل کے دوسرے سیزن کا ٹائٹل فیصل آباد کی حرا قیصر نے اپنے نام کرلیا، انہوں نے اتوار کو ہونے والے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی حرا قیصر نے پورے مقابلے کے دوران اپنی آواز اور پرفارمنس سے ناظرین اور ججز کو متاثر کیا اور بالآخر پاکستان آئیڈل سیزن 2 کی فاتح بن گئیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حرا قیصر نے کہا کہ وہ اب اپنے خواب پورے کریں گی، جبکہ ان کی کامیابی والدین اور اہل خانہ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
حرا قیصر نے بی بی سی سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی پوری فیملی نے اس سفر میں انہیں بھرپور سپورٹ کیا۔ ان کے مطابق والدہ، بہنوں اور شوہر نے مسلسل حوصلہ افزائی کی، جبکہ ابتدا میں بھائی کو کچھ تحفظات تھے تاہم بعد میں انہوں نے بھی مکمل ساتھ دیا اور کہا کہ وہ یہ مقابلہ جیتیں گی۔
حرا قیصر نے بتایا کہ موسیقی سے متعلق انہیں جو کچھ بھی آتا ہے، وہ ان کے والد قیصر علی کی وجہ سے ہے، جو 8 سال قبل انتقال کرگئے تھے۔
فاتح گلوکارہ کے مطابق انہوں نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور 2013 میں ان کی شادی ہوگئی تھی۔
پاکستان آئیڈل سیزن 2 جیتنے پر حرا قیصر کو 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مقابلے کے پہلے دن ہی طے کرلیا تھا کہ اگر وہ کامیاب ہوئیں تو انعامی رقم سے اپنے بچوں کے لیے چھت بنائیں گی۔



