latest newsSports

لارڈز ٹیسٹ: محمد رضوان اور سلمان علی آغا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

لندن: انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے محمد رضوان اور سلمان علی آغا کو پلیئنگ الیون میں برقرار رکھنے جبکہ سعود شکیل کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈنگلے لیڈز میں انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی شدید تنقید کی زد میں ہیں، تاہم ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے ٹیسٹ میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سابق کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ غازی غوری کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا جائے گا، جبکہ لیڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم کی عدم موجودگی میں قیادت کرنے والے سلمان علی آغا کو بھی ٹیم سے باہر کیا جا سکتا ہے۔

تاہم اطلاعات کے مطابق جمعرات سے لارڈز میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں دونوں سینئر کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 46 ٹیسٹ میچز کا تجربہ رکھنے والے 34 سالہ محمد رضوان اور 28 ٹیسٹ کھیلنے والے 32 سالہ سلمان علی آغا کو 11 رکنی ٹیم میں برقرار رکھا جائے گا۔

بابر اعظم کی ایک میچ کی غیر حاضری کے بعد ٹیم میں واپسی پر 30 سالہ سعود شکیل کو ڈراپ کیا جائے گا۔ سعود شکیل نے لیڈز ٹیسٹ میں 5 اور 14 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔

دوسری جانب لیڈز ٹیسٹ میں علی عثمان کی جانب سے 95 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی جانب سے دوسرے اسپنر کے طور پر ساجد خان کو میدان میں اتارنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ تاہم کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ علی عثمان کے ساتھ دوسرے اسپنر کے طور پر سلمان علی آغا ان کی پہلی ترجیح ہیں۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم کی واپسی کے بعد قومی ٹیم میں دوسری تبدیلی بھی متوقع ہے، جہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عبید شاہ کو خرم شہزاد کی جگہ کھلانے کی تجویز زیر غور ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button