latest newsSports

سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، ٹیم کے لیے بہتر کھلاڑی کھیلے گا: بابر اعظم

لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، جو کھلاڑی ٹیم کے لیے بہتر ہوگا وہی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے گا۔

دوسرے ٹیسٹ سے قبل لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ اچھی پارٹنرشپ کے بعد اچانک وکٹیں گرنا ٹیم کی خامیوں میں شامل ہے، جسے دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پچ پر نیا بیٹر آتا ہے تو سیٹ بیٹر بھی آؤٹ ہوجاتا ہے، ہمیں اس مسئلے پر قابو پانا ہوگا۔

بابر اعظم نے کہا کہ پچ پر گھاس نظر آرہی ہے، پلیئنگ الیون کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں ہوتا، بعض اوقات کسی کھلاڑی کو اعتماد دینے کے لیے بھی موقع دیا جاتا ہے۔

رضوان سے متعلق سوال پر قومی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری پلیئنگ الیون کی ذمہ داری ہوتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ بولرز 20 وکٹیں حاصل کریں اور بیٹرز اپنا کردار ادا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ کوشش ہوگی کہ لارڈز میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کریں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button