
ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
ملک بھر میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں، گلیوں، محلوں، چوکوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر محافلِ میلاد اور نعت خوانی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
عید میلادالنبی ﷺ کے دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
کراچی میں گلی گلی اور محلہ محلہ چراغاں کیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر میلاد کے اسٹالز سجائے گئے ہیں جہاں موئے مبارک کی زیارت کے علاوہ مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے محافلِ میلاد اور ریلیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں بھی مساجد، گھروں، سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر محافلِ نعت اور میلاد کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔
پشاور میں بھی رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے نعت خوانی اور محافلِ میلاد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کوئٹہ میں بھی مختلف علاقوں میں چراغاں اور محافلِ نعت کے ساتھ میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر برقی قمقموں سے جگمگا رہا ہے۔ مساجد میں خصوصی عبادات، محافلِ نعت اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں جشنِ آمدِ رسول ﷺ کے نعرے گونج رہے ہیں۔
کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا، جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پہنچ کر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس اور مذہبی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کے الیکٹرک نے آج شہر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔



