latest newsWorld

میٹا کا 48 امریکی ریاستوں کے ساتھ 18 ارب ڈالر کا تاریخی تصفیہ، بچوں کے لیے نئی پابندیاں عائد

واشنگٹن: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے 48 امریکی ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کے ساتھ 18 ارب ڈالر کے تاریخی تصفیے پر اتفاق کرلیا، جس کے نتیجے میں بچوں پر سوشل میڈیا کے مبینہ نقصانات سے متعلق ایک بڑے قانونی مقدمے کا خاتمہ ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق تصفیے کے تحت میٹا اپنی سروسز فیس بک اور انسٹاگرام میں کم عمر صارفین کے لیے متعدد اہم تبدیلیاں کرے گی۔ ان میں 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے پلیٹ فارم کے استعمال کی روزانہ خودکار حد 2 گھنٹے مقرر کرنا شامل ہے۔

معاہدے کی ایک منفرد شرط کے تحت میٹا فی الحال تصفیے کی رقم کا 70 فیصد ادا کرے گی، جبکہ باقی 30 فیصد، تقریباً 5.3 ارب ڈالر، اسی صورت میں ادا کیے جائیں گے جب ٹک ٹاک اور الفابیٹ کی ملکیت یوٹیوب بھی کم عمر صارفین کے لیے روزانہ ایک گھنٹے کی خودکار استعمال کی حد مقرر کرنے پر رضامند ہوجائیں۔

معاہدے کے مطابق ٹک ٹاک اور یوٹیوب کو بھی ریاستوں کو تقریباً 5.3،5.3 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق تصفیے کی رقم پر دستخط کرنے والی ریاستوں اور علاقوں میں آبادی کے تناسب سے 10 سال کے دوران سالانہ اقساط کی صورت میں تقسیم کی جائے گی۔ معاہدے میں 48 امریکی ریاستوں کے علاوہ 4 امریکی زیرانتظام علاقے بھی شامل ہیں، تاہم نیو میکسیکو اور فلوریڈا اس تصفیے کا حصہ نہیں ہیں۔

تصفیے کے تحت کم عمر صارفین کے لیے ’نائٹ موڈ‘ بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے باعث رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک فیس بک اور انسٹاگرام خودکار طور پر بلاک رہیں گے۔

اس کے علاوہ ’اسکول موڈ‘ بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک نوٹیفکیشنز غیر فعال رہیں گے۔

نئی سیٹنگز میں تبدیلی صرف والدین کی باقاعدہ اجازت کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس تصفیے کو سوشل میڈیا کمپنیوں کی کم عمر صارفین کے حوالے سے قانونی ذمہ داریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button