عید میلادالنبی ﷺ: لاہور میں 2300 سے زائد ورکرز و افسران صفائی پر مامور
لاہور(عمران اسلم) جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے شہر بھر میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ جلوسوں کے راستوں اور جامع مساجد کے اطراف 2300 سے زائد ورکرز اور افسران فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او شہریار عارف خان نے خود فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے اندرون لاہور میں دہلی دروازہ، مسجد وزیر خان، سنہری مسجد اور تالاب والی گلی سمیت مرکزی جلوس کے روٹس پر صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کے راستوں پر تعینات سینٹری ورکرز کو شاباش دی اور ان میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔
سی ای او شہریار عارف خان کے مطابق لاہور میں نکلنے والے جلوسوں اور جامع مساجد کے اطراف صفائی کے لیے 2300 سے زائد ورکرز اور افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے راستوں اور اہم شاہراہوں کو چونے سے سجا دیا گیا ہے جبکہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر لاہور کی 1500 سے زائد جامع مساجد کی صفائی اور دھلائی بھی مکمل کی گئی ہے۔
شہریار عارف خان کے مطابق محافلِ میلاد، ذکر و اذکار کے اجتماعات اور دیگر اہم مقامات پر ایل ڈبلیو ایم سی کی خصوصی ٹیمیں موجود ہیں۔ میلاد چوک، سرکلر روڈ، سنہری مسجد، بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، اندرون لاہور اور داتا دربار سمیت شہر بھر میں صفائی انتظامات مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مال روڈ، جیل روڈ، ضلع کچہری، اسلام پورہ، ساندہ اور آؤٹ فال روڈ پر بھی خصوصی صفائی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کے راستوں پر عرقِ گلاب ملے پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے جبکہ جامع مساجد اور جلوس کے روٹس پر اضافی ویسٹ کنٹینرز نصب کیے گئے ہیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ہر موقع اور تہوار پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔



